نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک) موبائل کی بیٹری ٹائمنگ فون صارفین کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ موبائل فون کی بیٹری ختم ہو اور بجلی بھی غائب ہو جائے تو یہ ذہنی کوفت دوآتشہ ہو جاتی ہے۔ مگر اب ماہرین نے اس مسئلے کا ایک ایسا حل نکال لیا ہے کہ آپ کو موبائل فون کی بیٹری ریچارج کرنے کے لیے بجلی کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی اور آپ سڑک پر پیدل چلتے ہوئے بھی موبائل فون ریچارج کر سکیں گے۔ امریکہ کے میساچوسیٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ماہرین نے ایک ایسا چارجر ایجاد کر لیا ہے جو پیدل چلتے ہوئے صارفین کی حرکت سے بجلی پیدا کرے گا اور ان کا موبائل فون ریچارج کرے گا۔ماہرین نے اس چارجر میں میکانی توانائی کو بجلی میں تبدیل کرنے کا سسٹم لگایا ہے، اس میں ایسے آلات لگائے گئے ہیں جو انسان کی حرکت کے ساتھ حرکت میں آ جاتے ہیں اور اتنی مقدار میں بجلی پیدا کرتے ہیں جن سے موبائل فون آسانی سے چارج کیا جا سکتا ہے۔
اس چارجر میں ماہرین نے الیکٹرولائٹ میں بھیگا ہوا مسام دار پولیمر لیتھیئم الوئس (Lithium Alloys) کی دو تہوں میں نصب کیا ہے جو بطور الیکٹروڈ(وہ ٹرمینل جس کے ذریعے توانائی الیکٹرولائٹ میں داخل یا خارج ہوتی ہے)کام کرتا ہے۔ان تینوں تہوں کو تھوڑا سا موڑ دیا گیا ہے، اس خم سے تہوں پر دباﺅ آئے گاجو پولیمر سے لیتھیئم الوئس نچوڑ کر باہر نکالے گا جس سے مخالف وولٹیج اور الیکٹریکل کرنٹ پیدا ہو گا جو کسی بھی ڈیوائس کو توانائی دینے میں استعمال ہو سکے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ”ابتدائی تجربات میں اس چارجر نے 15فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔“تحقیقاتی ٹیم کے رکن وو وین ژو کا کہنا تھا کہ ”بہت بہت دلچسپ اور منفرد کام تھا۔ ہم نے بہت سادہ سی ڈیوائس کے ذریعے میکانی توانائی کو الیکٹرانک کرنٹ میں تبدیل کرنے کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔“


0 comments:
Post a Comment